Sep ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۳:۲۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کو الزام لگانے سے پہلے خود کو دیکھنا چاہئے : نواز شریف

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اڑی سیکٹر کی فوجی چھاؤنی پر حملے کے فورا بعد ہندوستان کا پاکستان پر الزام لگانا صحیح نہیں ہے جبکہ ہندوستان کو الزام لگانے سے پہلے خود کو بھی دیکھنا چاہئے

لندن کے لوٹن ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہندوستان ، کشمیر میں مظالم اور بربریت کا مظاہرہ کررہا ہے جسے پوری دنیا دیکھ رہی ہے انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیر کا مسئلہ اچھی طرح پیش کیا اور پوری دنیا نے میری تقریر سنی ۔ انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کا مسئلہ اٹھا کر ذمہ دارانہ کردار ادا کیا اور پاکستان ہرفورم پر ذمہ دارانہ کردار ادا کررہا ہے- پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ اڑی میں ہندوستانی فوجی چھاؤنی پر حملہ کشمیریوں کا اپنا ردعمل بھی ہوسکتا ہے تاہم ادھر حملہ ہوا ادھر ہندوستان نے بغیر کسی چھان بین کے پاکستان پر الزام لگا دیا جبکہ یہ صحیح نہیں ہے اور ہندوستان کو الزام لگانے سے پہلے خود کو بھی دیکھنا چاہئے انھوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے مظالم پر بات نہیں کرتا بلکہ الزام لگا دیتا ہے جبکہ ہندوستان کی جانب سے بلوچستان کا موضوع اٹھایا گیا جسے دنیا میں کوئی نہیں مانتا - نواز شریف نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کے لئے پاکستان اور ہندوستان کو مل بیٹھنا چاہئے جبکہ کشمیرکے مسئلے کے حل ہوئے بغیر علاقے میں پائدار امن ممکن نہیں ہے-

ٹیگس