Nov ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۵:۵۴ Asia/Tehran
  • پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے: نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

ہندوستان کی سرحد کے قریب بری اور فضائی مشقوں رعد البرق کے معائنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مشقیں اس بات کا مظہر ہیں کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور یہ توقع کرتا ہے کہ کوئی ملک اس کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا تاکہ خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن ہوسکے۔
انہوں نے ایک بار پھر اپنے ملک کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ آپریشن ضرب عضب دہشت گردی کے خلاف دنیا کا سب سے زیادہ مؤثر آپریشن ہے۔نواز شریف نے کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار بخوبی ادا کر رہا ہے۔

 

ٹیگس