پاکستان: پرویز مشرف کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری ہونے کا امکان
پاکستان میں صوبہ بلوچستان کی ہائی کورٹ نے اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا اشارہ دیا ہے۔
پاکستان کے صوبے بلوچستان کی ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ کے، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس ظہیرالدین کاکڑ نے نواب اکبر بگٹی کے بیٹے نواب زادہ جمیل بگٹی کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کی بریت پر نظرثانی کی درخواست پر سماعت کی- بلوچستان ہائی کورٹ کے وکیل نے مشرف کے وکیل کو ہدایت کی وہ اپنے موکل کے عدالت میں پیش ہونے کی حتمی تاریخ بتائیں- سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے کہا کہ ان کے موکل پرویز مشرف سیکورٹی کی یقین دہانی ہونے اور طبی معائنہ مکمل ہو جانے کے بعد عدالت کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں- پرویز مشرف کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل تئیس مارچ دو ہزار سترہ کو ملک واپس آنے والے ہیں اور اس کے بعد ہی وہ عدالت کے سامنے پیش ہو سکیں گے-