Jan ۳۱, ۲۰۱۷ ۰۸:۰۰ Asia/Tehran
  • نظر بندی پر حافظ سعید کا سخت ردعمل

جماعت الدعوۃ کے امیرحافظ سعید نے اپنی نظری بندی پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے نظر بند کیے جانے کے بعد اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہا کہ میری نظری بندی کے احکامات اسلام آباد سے نہیں واشنگٹن سے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی آزادی اور سالمیت کو ہر قیمت پر قائم رکھیں گے اورپاکستان کو کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے جماعت الدعوة کے امیر حافظ سعید کو فورتھ شیڈیول میں شامل کرتے ہوئے 6 ماہ کے لیے گھر میں نظر بند کردیا، حافظ سعید کو جامعہ قادسیہ چوبرجی میں نظربند کیا گیا ہے جب کہ ان کی جماعت اور فلاحی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو بھی 6 ماہ تک زیرمشاہدہ رکھا جائے گا۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے حافظ سعید سمیت 5 افراد کو نظر بند کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق جماعت الدعوۃ کے دیگر عہدیداروں عبداللہ عبید، ظفراقبال، عبدالرحمان عابد اور قاضی کاشف نیاز کو شیڈول 2 کے تحت نظر بند کیا گیا ہے جب کہ بند کیے گئے تمام افراد کی نقل و حمل پر بھی پابندی رہے گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت واچ لسٹ میں رکھا گیا ہے اور نظر بند کیے جانے والے افراد کے گھروں کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ نظر بند کیے گئے افرد اپنی کسی بھی سرگرمی سے پہلے حکومت کو آگاہ کریں گے جب کہ ریلی اور تقریب سے پہلے حکومت سے اجازت لینا لازمی ہوگی۔

 

ٹیگس