Feb ۰۲, ۲۰۱۷ ۰۶:۴۳ Asia/Tehran
  • بلوچستان: 4 دہشت گرد ہلاک 3گرفتار

ایف سی اور حساس ادارے نے پشنی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایف سی اور حساس ادارے نے بلوچستان میں ڈیرہ بگٹی کے علاقے پشنی میں دہشت گردوں کے موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی جس کے دوران فورسز کا دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا، دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ 3 کو گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور کارروائی کے دوران ان کے زیر استعمال 4 ٹھکانے بھی مسمار کردیئے گئے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا جن میں 13 مائینز، 31 آئی ای ڈیز، 80 ہینڈ گرینیڈز، 20 کلوگرام بارود، 20 راکٹ، مختلف ساخت کے ہزاروں راؤنڈز، مواصلاتی آلات اور دیگر تخریبی مواد شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک اور گرفتار دہشت گرد بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہیں۔

 

ٹیگس