Feb ۰۳, ۲۰۱۷ ۰۸:۰۲ Asia/Tehran
  • حلف برداری کے بعد گورنر سندہ کا پہلا بیان

پاکستان کے صوبہ سندہ کے نئے گورنر نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرتا رہوں گا۔

مزار قائد پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ اپنے عہدے کا پورا حق ادا کرنے  اور قائد اعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سندھ کی ترقی کے لیے کوشش کروں گا۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سے مقابلہ نہیں بلکہ تعاون کرنے آیا ہوں جب کہ وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کے ساتھ مل کر کام کروں گا۔

اس سے قبل کل گورنر ہاؤس کراچی میں محمد زبیر کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ نے محمد زیبر سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں سمیت اہم سیاسی شخصیات، اعلیٰ سرکاری حکام اور معززین کے علاوہ ان کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیرعمر 23 مارچ 1956 كو ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے۔ محمد زبیر نے ابتدائی تعلیم ایبٹ آباد اور راولپنڈی میں حاصل كی۔ زبیر عمر نے 1984 میں کراچی کے معروف تعلیمی ادارے آئی بی اے سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز كی ڈگری حاصل كی، وہ امریكی كمپنی آئی بی ایم سے وابستہ رہے اور پیرس، روم، میلان اور دبئی میں تعینات رہے۔

واضح رہے 14 سال تک سندھ کے گورنر رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بعد جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو سندھ کا 31 واں گورنر مقرر کیا گیا تھا جنہوں نے 11 نومبر 2016 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تاہم وہ خرابی صحت کی بنا پر زیادہ عرصے تک گورنر کی ذمہ داریاں نہ نبھاسکے اور12 جنوری 2017 کو انتقال کرگئے۔

 

ٹیگس