Feb ۰۸, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۹ Asia/Tehran
  • علامہ ناصرعباس کی وفاقی وزیر داخلہ سےملاقات

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم کے اعلیٰ سطح کے وفد نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے پنجاب ہاوس اسلام آباد ملاقات کی۔

ہونے والی ملاقات میں موجودہ ملکی صورت حال اور خصوصاَ ملت جعفریہ کو درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفاقی وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں بےگناہ لوگوں کو ملک بھر میں ہراساں کیا جا رہا ہے، شیعہ لاپتہ افراد کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے علماء اور پڑھے لکھے پرامن نوجوانان گذشتہ کئی مہینوں سے لاپتہ ہیں، ان کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

علامہ ناصر عباس نے پاراچنار اور پنجاب میں دہشتگردی کی تازہ لہر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے محب وطن عوام نے ہمیشہ ملک و قوم کے لئے قربانیاں دی ہیں، افسوس ہے کہ اس محب وطن قوم کو الٹا ہراساں کیا جا رہا ہے۔

ملاقات میں پاراچنار، ہنگو، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ بلوچستان خصوصاَ تفتان بارڈر پر زائرین کو درپیش مشکلات سے بھی وفاقی وزیرداخلہ کو آگاہ کیا گیا، وفد سے ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ نے تمام مسائل پر جلد پیش رفت کی یقین دہانی کی۔

 ایم ڈبلیو ایم کے وفد میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی، مرکزسیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ مبارک موسوی، سیکرٹری جنرل خیبر پختونخوا علامہ اقبال بہشتی شامل تھے۔

 

ٹیگس