ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کا اجلاس
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس میں 23 ممالک کے 70 سے زائد مندوبین شرکت کررہے ہیں۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ اجلاس علاقائی سطح پر تعاون اور دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائی کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا توازن مغرب سے مشرق میں منتقل ہو رہا ہے اورایشین پارلیمنٹ ایشیا کی حکمرانی کیلئے اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
ایشیائی پارلیمان کے قیام کی خصوصی کمیٹی اورایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس جو آج 14 مارچ سے شروع ہوا 17مارچ 2017 تک جاری رہے گا۔
اس اہم اجلاس میں 23 ملکوں کے 70 سے زائد مندوبین شریک ہیں جس میں اراکین پارلیمنٹ کے علاوہ اسپیکرز کی شرکت بھی متوقع ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس چار روزہ اجلاس میں اہم قراردادوں کے علاوہ خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہو گی۔
تاریخی اعتبار سے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی بنیاد ستمبر 1999میں اس وقت رکھی گئی جب ایشیائی اراکین پارلیمنٹ نے بنگلہ دیش میں ایشیائی پارلیمانوں کی تنظیم برائے امن قائم کی تھی جسے 2004 میں اسلام آباد اعلامیہ کے تحت ایشیائی پارلیمانی اسمبلی میں تبدیل کردیا گیا۔