Mar ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۱:۲۴ Asia/Tehran
  • خانپورامام بارگاہ حملے کے دہشت گردوں کوموت اور عمر قید کی سزائیں

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تحصیل خانپور میں امام بارگاہ میں نماز عید کے دوران خودکش حملے میں ملوث دہشت گردوں کو موت اورعمر قید کی سزائیں سنائی ہیں۔

 13 ستمبر 2016 کو شکارپور کی تحصیل خانپور میں امام بارگاہ ابو طالب میں نمازعید کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔ ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا، ایک دھماکے کے بعد افراتفری کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا تھا جبکہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیاتھا۔

دوران تفتیش عثمان پٹھان نے انکشاف کیاتھا کہ حملے میں اس کے ساتھ حفیظ بروہی، عبداللہ بروہی اور دیگر دہشتگرد شامل تھے جس پر تمام دہشتگردوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کیس چلایا گیا۔

شکارپور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج فدا حسین مغل نے تکفیری دہشتگرد عثمان کے اعتراف جرم اور دیگر شواہد کی بنا پرعثمان پٹھان، حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی کو سزائے موت جبکہ خودکش حملے میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے پرعمر قید کی سزا پانے والوں میں عارف، ثاقب، علی مسعود، حمزہ، عَمار، حسان مسعود، ابوبکر، علی اور سجاد عرف دلاور شامل ہیں۔ تاہم عثمان پٹھان کے علاوہ تمام دہشتگرد تاحال مفرور ہیں۔

 

ٹیگس