دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ
مجلس وحدت مسلمین نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کی طرف سے نام نہاد جہادی تنظیموں کو قومی دھارے میں لانے کی خواہش کے بھیانک نتائج اسی طرح سامنے آتے رہیں گے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کل اسلام آباد میں آرمی چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ آپریشن رد الفساد کو رُخ کالعدم جماعتوں اور دہشت گردوں کے ان سہولت کاروں کی طرف موڑا جائے جو حکومتی صفوں میں بیٹھ کر دہشت گرد گروہوں کا دفاع کرنے میں مصروف ہیں۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کی کامیابی میں سب سے بڑی رکاوٹ وہ سہولت کار ہیں، جو کالعدم جماعتوں سے ہمدردی کا برملا اظہار کرتے ہیں اور حکومت ان پر ہاتھ ڈالنے میں بے بس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں کو اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے باز رکھنے کے لئے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور آپریشن انتہائی ضروری ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، جسے روکنے کے لئے حکومتی اقدامات کو تسلی بخش قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن رد الفساد کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اسی قوت کے ساتھ نیشنل ایکشن پلان پر بھی عمل درآمد ضروری ہے۔