ڈیرہ غازی خان، طالبان کے 10 دہشت گرد ہلاک
پاکستان رینجرز، حساس اداروں اور محکمہ انسداد دہشت گردی نے آپریشن رد الفساد کے تحت ڈیرہ غازی خان میں مشترکہ کارروائی کی ۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے آج جاری ہونے والے بیان کے مطابق دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے مابین ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں 9 سے 10 مبینہ دہشت گردوں سمیت رینجرز کے 3 اہلکار ہلاک جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ڈیرہ غازی خان سے 15 کلومیٹر جنوب میں چوٹی زیریں کے نزدیک بستی دادوانی میں مبینہ دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہ کو گھیرے میں لیا گیا جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا جن کی شناخت محمد اصغر دادوانی عرف استاد گورچانی اور محمد نعیم عرف وقاص دادوانی کے نام سے کی گئی، دہشت گرد اغواء برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپريشن تا حال جاری ہے اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے تک جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ 9 اپریل کو بھی رینجرز اور حساس اداروں نے ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا تھا جہاں مقابلے کے دوران 5 مبینہ دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ رینجرز کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوگیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں سال 22 فروری کو فوج نے پاکستان میں آپریشن ’رد الفساد‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔