پاکستان میں دھماکہ، 10 ہلاک اور 13 زخمی
سنٹرل کرم ایجنسی کے علاقے گودر میں کاربم دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے جنہیں سدا ہسپتال منتقل کردیاگیا، دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا تاہم بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مسافر وین تھی جو بارودی سرنگ سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ابھی تک کسی بھی گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے اردو بازار میں دہشتگردوں اور رینجرز اہلکاروں کے درمیان کل رات 7 گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ 4 رینجرز اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق انٹیلی جنس اطلاع تھی کہ دوسرے صوبے سے آئی ہوئی ایک فیملی کے 5 افراد نے رہائشی عمارت میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا تھا جس پر انہوں نے رینجرز پر حملہ کردیا تاہم جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔
ادھر سی ٹی ڈی نے گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے جماعت الاحرار کے 3 دہشتگردوں کو گرفتار کرکے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے ڈیٹونیٹرز اور بارودی مواد بھی برآمد ہواہے۔ ابتدائی تحقیقات میں تکفیری دہشتگردوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ حساس تنصیبات اور مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔