Apr ۲۹, ۲۰۱۷ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • سانحہ پاراچنار اور زائریں کو درپیش مسائل حل نہ کرنے کے خلاف مظاہرہ

پاکستان کے عوام نے سانحہ پاراچنار، شیعہ زائریں کو درپیش مسائل حل نہ کرنے اور تکفیری دہشتگردوں کو معافی دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیرِاہتمام حکومت اور ریاستی اداروں کی جانب سے ہزاروں شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے سفاک قاتلوں اور دہشتگردوں کو معافی دینے، سانحہ پاراچنار اور شیعہ زائریں کو درپیش مسائل حل نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

کراچی میں نماز جمعہ کے بعد خوجہ جامع مسجد کھارادر کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی، علامہ مبشر حسن اور علامہ احسان دانش نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان اورکالعدم جماعت الاحرار کے ترجمان احسان اللہ احسان کو میڈیا پر معصوم ظاہر کرنا اور اس کے لئے معافی کی راہ ہموار کرنا آئین و قانون کے ساتھ بھیانک مذاق ہے، اگر اسے معاف کیا گیا، تو شہداء کے خاندانوں کو انصاف کی فراہمی تک تحریک چلائی جائے گی۔

مقررین نے کہا کہ بلاتاخیر احسان اللہ احسان سمیت تمام دہشتگردوں کو تختہ دارپر لٹکایا جائے، انہوں نے کہا کہ پاراچنار کرم ایجنسی میں محدود عرصے کے دوران دہشتگردی کے تین بڑے سانحات کا رونما ہونا متعلقہ سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، محب وطن شیعہ اکثریتی آبادی والے علاقے میں دہشتگردی کے واقعات پر قابو نہ پایا جانا ملت تشیع کے لئے تشویش کا باعث ہے، پاراچنار میں مسلسل دہشتگردی کے سانحات اور محب وطن اہل تشیع مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث کالعدم تنظیموں اور دہشتگرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کرکے انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔

مقررین نے کہا کہ نواز حکومت جان بوجھ کر زائرین کے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہے، کئی کئی روز تک تفتان بارڈر پر زائرین کو محصور رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ زائرین کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں اور زائرین کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور اور محکمہ حج و اوقاف کے شعبہ زائرین کو فعال کیا جائے۔

 

ٹیگس