Apr ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۳:۳۷ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی عہدے سے برطرف

ڈان لیکس کی وجہ سے پاکستان کے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اپنے عہدے سے برطرف ہو گئے ہیں۔

حکومت نے ڈان لیکس کی انکوائری رپورٹ کے نکات جاری کردیے ہیں، وزیراعظم کی جانب سے سفارشات کی منظوری کا نوٹی فکیشن سیکرٹری ٹو وزیر اعظم فواد حسن فواد نے جاری کیا ہے۔

سفارشات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی کو ان کے عہدے سے ہٹادیا گیا، اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیاجائے گا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کے اعلیٰ افسر راؤ تحسین کے خلاف ای ڈی رولز 1973 کےتحت کارروائی کی منظوری بھی دے دی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ روزنامہ ڈان کے ایڈیٹر ظفرعباس اور رپورٹر سرل المیڈا کے خلاف کارروائی کا معاملہ آل پاکستان نیوز پیپرز ایسوسی ایشن (اے پی این ایس ) کو بھجوا دیا گیا ہے اور اے پی این ایس کو ایسے واقعات سے بچنے کیلئے کوڈ آف کنڈکٹ بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اے پی این ایس کو ہدایت کی گئی ہے کہ قومی سلامتی سے متعلق مواد کی تشہیر ادارتی و صحافتی اخلاقیات سے ہم آہنگ کی جائے۔

 

ٹیگس