ملک کی مقتدر قوتیں، علماء اور مشائخ کو ایک پلیٹ فارم پر نہیں دیکھنا چاہتیں: لیاقت بلوچ
پاکستان کے علماء و مشایخ نے اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے پرتاکید کی ہے ۔
جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکیریٹری لیاقت بلوچ نےجماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام علماء ومشائخ کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ علماء و مشائخ کو درد مشترک اور قدر مشترک پر متحد ہو جانا چاہیے ۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ہمیں آپس میں مسلکوں کی بنیاد پر تقسیم ہونے کی بجائے اسلام دشمن قوتوں کی بیرونی سازشوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کی بقاء کیلئے علماء و مشائخ قوم کی قیادت کا فریضہ سرانجام دیں علماء و مشائخ کے اتحاد سے ہی پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاذ اور استحکام پاکستان کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے ملک کی مقتدر قوتیں ایک منصوبے کے تحت ملک کے علماء اور مشائخ کو ایک پلیٹ فارم پر نہیں دیکھنا چاہتیں ۔