ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات
اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان کا ہمسایہ اور دوست ملک ہے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفور نے بدھ کے روز راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان برادرانہ، تاریخی اور مضبوط تعلقات قائم ہیں جس کو مستقبل میں مزید فروغ ملے گا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بارڈر مینیجمنٹ اور سرحدی تعاون کے شعبوں میں اچھی ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک اس تعاون کو مستقبل میں مزید بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک - ایران تعلقات دوستانہ ہیں ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور انشاء اللہ مستقبل میں ان تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔
انہوں نے اس پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے مابین بھی ملاقات ہوئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جنرل باجوہ نے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ایک ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کی سیکورٹی کو بہتر کرنے کے لئے تعمیری اقدامات اٹھائے گا۔