Jun ۰۷, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۰ Asia/Tehran
  • عالم اسلام کو تقسیم کرنے کی سازش

پاکستان کے سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالم اسلام کو تقسیم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔

پاکستان کی تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب ممالک کی جانب سے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات توڑنا تشویشناک بات ہے، اس انتہائی اہم اور سنجیدہ معاملہ پر مشیر خارجہ کو پالیسی بیان دینا چاہیئے، عالم اسلام کی اس تقسیم پر ہمیں آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت پورے خطہ میں ایک سنگین بحران جنم لینے والا ہے، قطر سے عرب ممالک کا سفارتی تعلقات توڑنا تشویشناک بات ہے، بہت سے پاکستانی محنت مزدوری کے لئے قطر گئے ہیں، ان کی صورتحال کیا ہے؟ اس بارے میں سب لا علم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سعودی عرب اور یمن کے درمیان تنازعہ کے معاملہ پر اس ایوان نے اجتماعی دانش کا ثبوت دیتے ہوئے حکومت کی رہنمائی کی۔

انہوں نے کہا کہ آج ایران کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی ہے، ایک دوست ملک کا بارڈر ہمارے لئے اطمینان کا باعث تھا مگر اب وہاں بھی صورتحال پہلے جیسی نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہاجا رہا ہے کہ مسلمان ممالک دہشت گردی کے خلاف متحد ہو رہے ہیں مگر ایران کو اس میں شمولیت کی دعوت نہیں دی گئی اور اب قطر کو تنہا کر دیا گیا ہے، پاکستان کے قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، اس پر دہشت گردوں کی پشت پناہی کا الزام لگایا گیا ہے جس کی قطر کی جانب سے تردید کی جا رہی ہے، اس انتہائی اہم اور سنجیدہ معاملے پر مشیر خارجہ کو پالیسی بیان جاری کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ایشو پر تقسیم نہیں بلکہ یکجا ہیں سعودی عرب اور قطر دونوں ہمارے دوست ہیں۔

 

ٹیگس