Jun ۰۹, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں یوم القدس ریلیاں جمعہ 23 جون کو

قبلہ اول پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے اور صیہونی مظالم کے خلاف یوم القدس کی ریلیوں کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے القدس کمیٹی کا اہم اجلاس مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں اس ملک کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے کی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں مرکزی یوم القدس کے جلوس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ 23 جون کو بعد از نماز جمعہ امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس ٹو سے یوم القدس ریلیوں کا آغاز ہوگا، جس میں مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے پاکستان سمیت دیگر نامور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکن شریک ہوں گے۔

مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کی طرف سے اقوام متحدہ کو فلسطین پر اسرائیل کے جابرانہ تسلط کے خلاف یادداشت بھی پیش کی جائے گی۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری، علی مہدی، سید مصطفٰی حسین شیرازی، سید اظہر کاظمی، شعیہ علماء کونسل سے علامہ نصیر حسین موسوی، غلام قاسم جعفری، جماعت اسلامی سے محمد ضیاء اللہ چوہان، جماعت اسلامی سے شاہد شمسی، جماعت اہلحدیث سے سیف اللہ، خالد کھوکھر، آئی ایس او سے محمد رضا، امت واحدہ پاکستان سے رضا محمد، ریحان قادری، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے عبداللہ رضا، آئی او سے سید کمیل عباس، تحریک جوانان پاکستان سے ڈاکڑ عرفان اشرف، وحدت یوتھ سے وفا عباس اور پاکستان عوامی تحریک سے ابرار رضا ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔

اجلاس میں طے پایا کہ مرکزی القدس کی ریلیوں کے لئے مختلف مکاتب فکر کی طرف سے نمائندگی اتحاد و اخوت کا مثالی مظہر ہے۔

واضح رہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس کا نام دیا تھا اور اس روز دنیا بھر کے عوام قبلہ اول کی آزادی، اپنے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور غاصب اسرائیل کی جارحیت کے خلاف اظہار نفرت و بیزاری کے لئے سڑکوں پر نکلتے ہیں اور اسرائیل اور امریکہ کے خلاف فلک شگاف نعرے لگاتے ہیں۔

ٹیگس