پاکستان میں نئے وزیراعظم کا انتخاب یکم اگست کو
پاکستان کے ارکان پارلیمنٹ یکم اگست کو اپنے نئے قائد ایوان کا انتخاب کریں گے۔
میاں نواز شریف کی نااہلی کے بعد نئے قائد ایوان کے چناؤ کے لئے انتخابی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کےصدرممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس یکم اگست بروز منگل کو طلب کر لیا ہے جب کہ وزیراعظم پاکستان کے انتخاب کے لئے شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق آج سہ پہر 3 بجے تک سیکریٹری قومی اسمبلی کے دفتر سے کاغذات نامزدگی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
اکتیس جولائی دوپہر دو بجے کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی 31 جولائی کو ہی سہ پہر 3 بجے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے جس کے بعد وزیراعظم کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ یکم اگست سہہ پہر 3 بجے قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے وزیراعظم کا انتخاب ہو گا، اسپیکر قومی اسمبلی سارے عمل کی نگرانی کریں گے اور پھر اکثریت حاصل کرنے والے امیدوار کے نام کا اعلان کریں گے جس کے بعد صدر ممنون حسین نئے قائد ایوان سے حلف لیں گے۔