کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد ہلاک
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے گجرات میں کارروائی کر کے کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی اطلاع پر گجرات میں یونیورسٹی روڈ پل نالہ مراد پور کے قریب چھاپہ مارا، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان ڈیڑھ گھنٹہ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس میں 3 دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے 3 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، کلاشنکوف اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے ہیں جب کہ ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔
دوسری جانب پولیس نے لاہور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے 24 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق سرچ آپریشن مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا جب کہ شناختی کوائف کی عدم دستیابی پر 24 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اوران سے پوچھ گچھ جاری ہے۔