پاکستان میں داعش کی موجودگی خطرناک
پاکستان میں داعش کی موجودگی خطرناک ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں داعش کے خطرات موجود ہیں اس عالمی دہشت گرد تنظیم کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں کو ہلکا نہ لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کو بھی منظر عام پر لایاجائے۔بے گناہ انسانی جانوں کا قتل ناقابل معافی جرم ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ شہد ا کی تکریم و تعظیم کا درس اللہ تعالی اور انبیا کرام کا سکھایا ہوا ہے۔ جو قوم شہیدوں کو فراموش کر بیٹھتی ہے اسے ہمیشہ ناکامی دیکھنا پڑتی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسینی شہید قوم کے باوفا اور جرات مند بیٹے تھے۔انہوں نے ملک میں بسنے والے مختلف طبقوں کو ایک دوسرے کے قریب کیا۔ 1973 کے آئین کے نفاذ کے لیے شہید کی خدمات کو ہر سطح پر سراہا گیا ۔ وہ بیرونی قوتیں جو وطن عزیز کو تفرقہ اور نفرت کی آگ میں جھونکنا چاہتی تھی انہوں نے وطن عزیز میں موجود اپنے آلہ کاروں کے ذریعے قائد عارف حسینی کو شہید کرایا۔
انہوں نے کہا کہ 6 اگست شہید قائد کی 29ویں برسی کی تقریب شایان شان انداز میں منائی جائے گی، شہید قائد علامہ عارف حسینیؒ کی برسی کے موقع پر پریڈ گراونڈ اسلام آ باد میں ملت جعفریہ کی بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نون لیگ ایک موروثی جماعت ہے جو صرف اقربا پروری پر یقین رکھتی ہے۔اس کی جمہوری روایات سے کوئی تعلق نہیں۔پوری قوم سپریم کورٹ کے فیصلے کی مکمل طور پر حمایت کرتی ہے۔ ایک ایسا شخص جو کرپشن ثابت ہونے پر نااہل ہو گیا ہواسے ہیرو ثابت کرنے کی احمقانہ کوشش سے باز رہا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کو بھی منظرعام پر لایاجائے۔ بے گناہ انسانی جانوں کا قتل ناقابل معافی جرم ہےذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی ہونی چاہیے۔
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ 6 اگست کو اسلام آباد میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کا اجتماع ملک دشمن قوتوں کے خلاف محب وطن طاقتوں کا عظیم الشان مظاہرہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد نے اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کو اپنی زندگی کا مشن بنا رکھا تھا، شہید قائد نے جنرل ضیاء جیسے ڈکٹیٹر کو بھی اپنے عزم اور اصولی موقف کے راہ کی رکاوٹ نہیں بننے دیا، وہ باطل قوتوں کے سامنے جرات و استقامت کا پہاڑ بنے رہے، شہید قائد علامہ عارف حسینی کی 29 ویں برسی پر ہم نے اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ان کے مشن کو ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہید قائد کی برسی میں قائدین کی طرف سے ایسے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا جس کا راستہ ہماری اس منزل کی طرف جاتا ہے جس کیلئے قائد و اقبال نے جدوجہد کی تھی۔