Aug ۰۷, ۲۰۱۷ ۰۹:۴۴ Asia/Tehran
  • پاکستانی طالبان سمیت 7 دہشتگرد ہلاک

پاکستان کے شہر کراچی اور بلوچستان کے علاقے کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں آپریشن رد الفساد کے دوران 7 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

کراچی شہرکےمچھر کالونی کے علاقے میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک اور 4 کو گرفتار کرلیا گیا۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سوات سے ہے۔  دہشتگردوں میں لیاقت، عرفان اور ناصر شامل ہیں، دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار دہشتگردوں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب جاری آپریشن رد الفساد کے تحت ایف سی نے بلوچستان کے ضلع کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں کارروائی کر کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری نے بلوچستان کے ضلع کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں کارروائی کی، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا جس میں 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جب کہ ایک ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشتگرد بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے جب کہ ان کے قبضے سے آئی ای ڈیز اور دھماکہ خیز مواد سمیت دیگر مواصلاتی سامان بھی برآمد ہوا۔

ٹیگس