Aug ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۰:۰۶ Asia/Tehran
  • ضیاءالحق مسلمانوں کے مابین اختلافات کا باعث

پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں منعقدہ مہدی برحق کانفرنس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ضیاءالحق نے شیعہ سنی دونوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی، ملک کے اندر نفرتوں کے فروغ کے لیے تکفیریت کو رواج دیا گیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی 29ویں برسی کے سلسلے میں مہدی ؑ برحق کانفرنس کا انعقاد پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں ہوا جس میں پاکستان کے نامورشیعہ و سنی علما، مذہبی و سیاسی رہنماؤں اور ہزاروں کی تعداد میں کارکنان، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ کانفرنس سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حضرت امام مہدی علیہ السلام کے حوالے سے تمام مسالک کا متفقہ عقیدہ ہے کہ مہدی ؑ برحق انصاف قائم کرنے ضرور آئے گا۔ امام برحق کا اتنظار ہر مسلمان کا عقیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید قائد عارف حسینی کا عقیدہ تھا کہ اللہ کی سرزمین پر اللہ کے نیک بندوں کی حکومت ہو۔ وہ استعماری طاقتوں اور ظالم حکمرانوں کی شناخت کرواتے رہے۔ آج کے اس اجتماع کا مقصد شہید کے افکار کو زندہ رکھنا ہے۔ شہید قائد کو ظالموں نے اس لیے ہم سے چھینا کہ وہ شہید قائد کو خرید نہیں سکتے تھے۔ شہید قائد کو ایک سازش کے تحت قتل کیا گیا۔ تکفیری قوتوں کو اس ملک میں مضبوط کیا گیا۔ پاکستان کی دوسری بڑی اکثریت شیعہ تھے۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ضیاءالحق نے شیعہ سنی دونوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی، ملک کے اندر نفرتوں کے فروغ کے لیے تکفیریت کو رواج دیا گیا۔ ہمیں شناخت کر کے بسوں سے اتار کر قتل کیا گیا۔ پاکستان کے دشمنوں کو ہم پر مسلط کیا گیا تاکہ محب وطن لوگوں کو کمزور کیا جائے۔ ہماری ملت کے نوجوانوں کو غائب کیا جا رہا ہے۔ ریاستی اداروں سے ہم یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ کیا یہ نوجوان ملک دشمن سرگرمیوں میں مصروف تھے یا انہوں نے پاکستان کے اداروں یا تنصیبات کو نقصان پہنچایا؟، اگر نہیں تو پھر کیوں انہیں گھروں سے اٹھایا جا رہا ہے۔ گلگت بلتستان میں ہمارے علما کو جیلوں میں ڈالا گیا، زمینوں پر قبضے کیے جارہے ہیں، پنجاب میں بھی ہم ریاستی اداروں کے انتقام کا شکار ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عمران خان کے صوبے میں یوم القدس کے جلوس میں اسرائیل کے خلاف نعرے لگانے کے الزام میں مقدمات درج کیے گئے۔ عمران خان کو اپنے صوبے کی خبر لینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک بدعنوان اور نااہل شخص ہے اسے ہیرو نہ بنایا جائے۔ مسلم لیگ نون کو نواز شریف کے بجائے ملک کا وفادار ہونا چاہیے۔ ہم ہر اس ادارے کے ساتھ کھڑے ہیں جو دہشت گردی کے خلاف اورعدل و انصاف کی پاسداری چاہتا ہے۔

علامہ ناصرعباس نے کہا کہ عزاداری ہماری عبادت ہے اس پر کسی قسم کی کوئی قدغن قبول نہیں کی جائے گی۔ اہلسنت ہمارے بھائی ہیں، جہاں ان کا پسینہ گرے گا وہاں ہم اپنا خون دیں گے۔ پاکستان میں ہم فعال سیاسی کردار ادا کریں گے اور دہشتگردوں کی حامی جماعتوں کی مخالفت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین، یمن، کشمیر سمیت دنیا کے ہر حصے میں ظالموں کے مخالف اور مظلوموں کی حمایت کرتے ہیں۔ شہید قائد کے خون سے تجدید عہد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی مفادات کے استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان اسمبلی کے رکن ڈاکٹر رضوان نے کہا کہ ملک دشمن طاقتیں عارف حسینی کو شہید کرکے بھی ان کے مشن کو ختم نہ کرسکیں۔ آج کا یہ اجتماع شہید قائد کے مشن کی فتح کا اعلان ہے۔

جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں علماء کی بےجا گرفتاریاں اور عزاداری پر قدغن حکومت کی ملت تشیع کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔ پاکستان میں جابروں، فرعونوں اور سرکشوں کی کوئی جگہ نہیں۔ ہم ظالموں کے خلاف بلاخوف و خطر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ طاغوتی طاقتوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے قائد عارف حسین اپنے کارکنوں کی صورت میں آج بھی زندہ ہیں۔ ضیائی آمریت کے خلاف آواز حق بلند کرنے والے شہید قائد کو سلام پیش کرتے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ محمد اقبال بہشتی نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ملت تشیع کی مقتل گاہ بنا ہوا ہے۔ دہشت گردی سے بچنے والے نوجوانوں کو ریاستی ادارے غائب کر رہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مسنگ پرسنز کو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

ٹیگس