پاکستان کی فضا امریکہ مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی
پاکستان میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران امریکہ کی اسلام دشمنی اور پاکستان کے خلاف ٹرمپ کے جارحانہ خطاب پر کڑی تنقید کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کی اسلام دشمن پالیسیوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر جمعہ کے روز ملک بھر میں یوم مردہ باد امریکہ منایا گیا۔
اس موقع پراسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، کوئٹہ، پشاور، کشمیر، ملتان، سکردو، گلگت، فیصل آباد اور پاراچنار سمیت پاکستان کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ مخالف نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہروں سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں کے علاوہ دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔
مظاہرین سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ دوستی کے لبادے میں چھپا ہوا عالم اسلام کا سب سے بڑا دشمن امریکہ ہے۔ آستین کے اس سانپ سے جس قدر جلد ممکن ہو چھٹکارا حاصل کر لینا چاہیے۔ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے آج سے چالیس سال قبل واضح طور پر کہا تھا کہ امریکہ شیطان بزرگ اور مسلمانوں کا دشمن ہے۔ اس وقت اگر ہمارے حکمران ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے تو آج عالمی سامراج کے ہاتھوں ہمیں اسی طرح کی سنگین دھمکیوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
مقررین نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو دہشت گردی کی اپنی جنگ میں گھسیٹ کر غیرمستحکم کرنے کی کوشش کی جو پاکستان میں داعش کی راہ ہموار کرنے کی امریکی اورہندوستانی سازش کا حصہ ہے۔ امریکہ نے عالمی امن کی آڑ میں افغانستان، عراق اور شام سمیت متعدد مسلم ممالک میں کروڑوں بےگناہ انسانی جانوں کو موت کی وادی میں دھکیل دیا ہے۔ امریکی فوج جنگی جرائم کا برملا ارتکاب کرتی آئی ہے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں دہشتگردی کا بنیادی سبب امریکہ ہے جس نے داعش اور طالبان جیسی عالمی دہشت گرد تنظیموں کی تشکیل کی ہے۔
مقررین نے کہا کہ عراق اور شام کے بعد امریکہ پاکستان میں ایسے حالات پیدا کرنا چاہتا ہے جن سے پاکستان میں داعش کی موجودگی کے تاثر کو تقویت ملے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا جنگی جنون امریکہ کی سالمیت کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہرزہ سرائی کے خلاف جمیعت علمائے اسلام کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت میاں اجمل قادری اور مفتی احمد علی ثانی نے کی۔ مظاہرین نے ٹرمپ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فضا مردہ باد امریکہ کے نعروں سے گونجتی رہی۔
مقررین نے اپنے خطابات میں ٹرمپ کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی انتظامیہ امریکہ کی سلامتی کے لئے فوری طور پر ٹرمپ کو عہدہ صدارت سے معزول کر دے، اگر ٹرمپ امریکہ کا صدر رہا تو وہ امریکہ کو نفرت کی جنگ میں جھونک دے گا۔