وزیراعلی شہباز شریف کی امریکی صدر کے بیان پر شدید تنقید
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلی شہباز نے امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب امریکا سے کہنے کا وقت آگیا ہے کہ ہمیں اس کی امداد نہیں چاہئے
وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ زندہ اور باوقار قومیں غیروں کی طرف دیکھنے کے بجائے اپنے مسائل کا حل خود تلاش کرتی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان امریکا سے کہہ دے تم ہماری امداد بند کردو ہمیں تمہاری امداد نہیں چاہئے - انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ علاقائی سیکورٹی اور امن کے تعلق سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر امریکی امداد کے بارے میں کئے جانے والے مبالغہ آمیز تبصرے ، دہشت گردی اور پسماندگی کا شکار پاکستانی قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے - شہبازشریف نے امریکی صدر کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ اپنے کسی تعاون کو جواز بناکر پاکستانی عوام پر ناروا الزامات عائد کرے یا ان سے بیجا مطالبات کرے انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستانی عوام اپنی تقدیر خود بدلنے کا ہنر جانتے ہیں