امریکہ مردہ باد ریلی پرشیلنگ اورلاٹھی چارج کی مذمت
پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی پرامن امریکہ مردہ باد ریلی پرشیلنگ اورلاٹھی چارج کی مذمت کی ہے۔
پاکستان کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں من جملہ مجلس وحدت مسلمین ،تحریک انصاف،اصغریا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، جعفریہ الائنس نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی کراچی میں پر امن امریکہ مردہ باد ریلی پرشیلنگ اورلاٹھی چارج کی مذمت کی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی نے کراچی میں آئی ایس او کی پُرامن امریکہ مردہ باد ریلی پر پولیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ سندھ حکومت اور اسکی ماتحت پولیس نے امریکہ نوازی کی انتہاء کر دی ہے، امریکہ مخالف پُرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنا اچھی روش نہیں ہے، امریکہ و پاکستان مخالف قوتوں کے خلاف محب وطن پاکستانی نوجوان، خواتین اور بچے احتجاج کیلئے نکلے تھے، جن پر پولیس کی جانب سے شدید لاٹھی چارج، شیلنگ اور فائرنگ انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے وزیراعلٰی و گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ آئی ایس کی امریکہ مخالف ریلی پر لاٹھی چارج، شیلنگ اور فائرنگ کا فی الفور نوٹس لیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔
تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ نمائش چورنگی پر سندھ پولیس کی جانب سے آئی ایس او کی مردہ باد امریکا ریلی پر شیلنگ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اپنے مذمتی بیان میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر شہری اور سیاسی جماعت کا آئینی اور قانونی حق ہے، امریکی قونصلیٹ نمائش چورنگی سے بہت دور ہے، لیکن سندھ پولیس امریکی غلامی میں اتنی اندھی ہو چکی ہے کہ نمائش چورنگی پر ہی ریلی پر شیلنگ کر دی۔ جعفریہ الائنس پاکستان نے بھی واقعہ کی مذمت کی۔
اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمر عباس جتوئی نے کہا ہے کہ کراچی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی مردہ باد امریکا ریلی کے محب وطن شرکاء پر پولیس کے لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی ہر باضمیر و باشعور پاکستانی سخت مذمت کرتا ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں قمرعباس جتوئی نے کہا کہ ایک جانب عالمی دہشتگرد امریکا مسلسل پاکستان کی پاک سرزمین کو دہشتگردی کا اڈہ قرار دیتا آرہا ہے، تو دوسری جانب ہمارے نااہل حکمران امریکی غلامی کو اپنا فخر محسوس کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ کراچی کے باغیرت شہریوں نے ہماری برادر طلبہ تنظیم آئی ایس او کی مردہ باد امریکا ریلی میں شریک ہو کر پاکستان زندہ باد کے نعرہ بلند کئے، تو انتظامیہ نے امریکی حواریوں کی طرح محبان وطن پر لاٹھی چارج، آنسو گیس کا استعمال اور فائرنگ کا وحشیانہ استعمال کیا، ہر باضمیر و باشعور پاکستانی اس وحشیانہ عمل کی سخت مذمت کرتا ہے۔
قمرعباس جتوئی نے کہا کہ مردہ باد امریکا ریلی کو نمائش چورنگی پر ہی روکنا، پاکستانی شہریوں کو پاکستان و اسلام دشمن شیطان بزرگ امریکا کے خلاف احتجاج نہ کرنے دینا اور پاکستان میں جاسوسی کے اڈے امریکی قونصل خانے کو تحفظ دینا اس بات کی دلیل ہے کہ حکمران وطن عزیز کے تقدس پر سمجھوتا کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ کل امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام امریکہ کی جانب سے مملکت خداداد پاکستان مخالف بیان کے خلاف ’’تحفظ پاکستان و مردہ باد امریکا ریلی‘‘ نکالی گئی، پولیس کیجانب سے پُرامن ریلی کو امریکی قونصلیٹ جانے سے روکنے کیلئے ریلی پر شدید لاٹھی چارج، شیلنگ اور فائرنگ کی گئی، جبکہ مولانا احمد جعفری سمیت 12 سے زائد شرکاء اور کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا تھا، جن کی رہائی کیلئے شرکائے ریلی نے نمائش چورنگی پر احتجاجی دھرنا دیا۔ تمام گرفتار شدگان کی رہائی کے بعد نمائش چورنگی پر جاری احتجاجی دھرنا ختم کر دیا گیا ہے اور مظاہرین پُرامن طور پر منتشر ہوگئے ہیں۔