روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف پاکستان میں مظاہرے
میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں ۔
پاکستان سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق مظاہرین کی جانب سے ملتان، بہاولنگر، ٹھٹھہ اور دادو سمیت اس ملک کے مختلف شہروں میں کیے گئے مظاہروں میں حکومت سے روہنگیا مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔
ملتان کے نواں شہر چوک میں قومی امن کمیٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ بہاول نگر میں مسلم لیگ ن یوتھ ونگ نے میانمار حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔
دادو میں صحافی برادری اور سول سوسائٹی کے ارکان نے میانمار میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف ریلی نکالی۔ ٹھٹھہ میں بھی شہریوں نے پریس کلب تک مارچ کیا۔
دریں اثنا پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں جب کہ پاکستان، کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں سے تعاون کرتا رہے گا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے روہنگیا مسلمانوں پر لرزہ خیز مظالم کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی۔
پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کراتے ہوئے میانمار (برما) میں مسلمانوں پر جاری خوفناک ظلم و ستم پر فوری بحث کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر عارف علوی، شیریں مزاری، اسد عمر اور شفقت محمود نے تحریک التواء جمع کرائی۔