دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا چین کو اعتراف
چین کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ بیجنگ پاکستان افغانستان اور چین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کی میزبانی کرے گا
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے پاکستانی وزیرخارجہ خواجہ آصف کے ساتھ مشترکہ پرس کانفرنس میں کہا کہ چین رواں سال میں پاکستان افغانستان اور چین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا اہتمام کرے گا - ان کا کہنا تھا کہ اس اجلاس سے پہلے ابتدائی اجلاس جلد ہی بیجنگ میں ہونے والا ہے - چینی وزیرخارجہ نے اس پرس کانفرنس میں ایک بار پھر پاکستان کے موقف کے لئے اپنے ملک کی حمایت کا اعلان کیا اورکہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانی دی ہے - انہوں نے کہا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے - چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ بیجنگ سمجھتا ہے کہ بعض ممالک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کونظرانداز کررہے ہیں- ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے مفادات کا احترام کرتا ہے- چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کو گذشتہ کئی عشرے سے دہشت گردی جیسی لعنت کا سامنا ہے اور یہ بہت ہی اہم بات ہے - انہوں نے کہا چین اور پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں-