پاکستان میں تعینات ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنردفترخارجہ میں طلب
لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ پر پاکستان میں تعینات ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنرکو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔
ہندوستان کی جانب سے ایل اوسی پرجنگ بندی کی خلاف ورزی پرپاکستان میں تعینات ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنرجے پی سنگھ کو طلب کیا گیا اور ان سے ہندوستانی فوج کی حالیہ اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔ پاکستانی حکام نے ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کے حوالے احتجاجی مراسلہ بھی کیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز بجوات اور پھکلیان سیکٹر پر بھارتی افواج نے فائرنگ اورگولہ باری کی، مارٹر گولہ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
دوسری جانب ہندوستان کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستان فوج کی فائرنگ سے 2 ہندوستانی فوجیوں سمیت 5 ہندوستانی شہری زخمی ہوئے۔
پاکستان اور ہندوستان ایک دوسرے پر لائن آف کنٹرول میں سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔