Oct ۰۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۰۶ Asia/Tehran
  • عاشور کے دن دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے پشین میں بارود سے بھری گاڑی کو قبضے میں لے کر 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایف سی بلوچستان نے پشین کے شمالی علاقے طور شاہ میں کارروائی کر کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے بارود سے بھری گاڑی برآمد کی گئی۔

گرفتار دہشت گردوں میں ایک ماسٹر مائنڈ اور دو اس کے ساتھی شامل ہیں۔ بارود سے بھری یہ گاڑی کوئٹہ میں محرم کے جلوس میں تخریب کاری کے لئے استعمال ہونی تھی۔

دوسری جانب کاہان کے علاقہ مخی نالہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے ایک مرکز سے بڑی تعداد میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر آغا نبیل کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحہ میں 150 ایم وائی بی فیوز، ایل ایم جیز، 3 دستی بم، مارٹر گولے، اینٹی ٹینک مائنز، مشین گن اور رائفل شامل ہیں۔

 لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد کیا گیا اسلحہ اور گولہ بارود محرم الحرام کے دوران تخریب کاری کے لئے استعمال کیا جانا تھا تاہم کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

علاوہ ازیں پنجاب رینجرز نے ملک کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں27 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے یہ کارروائیاں راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، ڈی جی خان، لاہور، سیالکوٹ، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں کی گئی ہیں۔ گرفتار افراد کے قبضے سے غیر قانونی اسلحے کی کھیپ بھی برآمد کی گئی۔

در ایں اثنا یوم عاشور پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاک - افغان طور خم بارڈر 2 روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

یوم عاشور کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پشاور سمیت ملک بھر سے افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی کا سلسلہ عارضی طور پر دو دن کے لئے روک دیا گیا ہے جبکہ ہفتے اور اتوار کو پاک - افغان طورخم بارڈر بھی بند رہے گا۔

واضح رہے کہ محرم الحرام میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پشاور میں پہلے سے ہی افغان مہاجرین کے داخلے پر پابندی عائد کی جا چکی ہے جبکہ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے رجسٹریشن بھی بند کئے جا چکے ہیں ۔

ٹیگس