پاکستان: مسافرٹرین میں دھماکہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مسافر ٹرین میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے۔
رویٹرز نے خبر دی ہے کہ پاکستان کے ریلوے کے ترجمان نے جمعے کو اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافرٹرین میں دھماکے سے اب تک چھے افراد کے جاں بحق اور دسیوں دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے-
پاکستان ریلوے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے اس لئے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے-
ابھی تک کسی شخص یا گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ قبل ازیں بلوچستان کے ہی علاقے شاہرگ میں ایک بم حملے میں اے این پی کے ضلعی رہنما اپنے بھائی کے ہمراہ جاں بحق ہو گئے-
صوبائی پولیس کے مطابق ہرنائی کے علاقے شاہرگ سے پشین جانے والی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے اس وقت اڑا دیا گیا جب اس میں سوار اے این پی کے ضلعی رہنما عبدالرزاق اپنے بھائی عبدالخالق کے ہمراہ اے این پی کے جلسے میں شرکت کے لئے ہرنائی سے پشین جا رہے تھے-
دھماکے سے اے این پی کے رہنما عبدالرزا ق کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور وہ خود اپنے بھائی کے ہمراہ جاں بحق ہو گئے-
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں چار سے چھے کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا-