Nov ۰۱, ۲۰۱۷ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • چہلم امام حسین (ع) کے زائرین سراپا احتجاج

چہلم امام حسین (ع) کے زائرین کو تنگ کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اب بھی ہزاروں زائرین سخت سردی میں کوئٹہ اور رکنی میں کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور سندھ کے بعد پنجاب حکومت نے بھی زائرین کو تنگ کرنا شروع کرنا دیاہے اورچہلم حضرت امام حسین علیہ السلام میں شرکت کرنے والے قافلوں کو پنجاب کی سرحد پر روک دیا گیاہے۔

تفصیلات کے مطابق چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کربلا معلی میں کرنے والے زائرین جن کا تعلق جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہے اُنہیں پنجاب کے بارڈر رکنی کے مقام پر روک دیا گیا، احمد پورسیال، جنگ اور چنیوٹ سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار زائرین نے رات سخت سردی میں گزاری۔

پولیس ان زائرین کو جوحضرت امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے لیے کوئٹہ کے راستے تفتان جانا چاہتے ہیں آگے نہیں جانے دے رہی، زائرین میں خواتین، بزرگ اور بچے بھی شامل ہیں، واضح رہے کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر پاکستان بھر سے بائی روڈ جانے والے زائرین اس وقت مسلسل کوئٹہ پہنچ رہے ہیں جہاں پہلے سے کئی ہزار زائرین ایران کے راستے کربلا جانے کیلئے موجود ہیں اورحکومت کی جانب سے مناسب سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے کے باعث زائرین کو مشکلات درپیش ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے حکومتی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے زائرین کے لئے جان بوجھ کر مشکلات کھڑی کی گئی ہیں، کئی کئی روز تک مرد، خواتین ، بزرگ اور بچوں کو کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر روکا جاتا ہے۔ ہزاروں زائرین خواتین ، معصوم بچے اور بزرگ گذشتہ کئی روز سے پریشان ہیں۔ زائرین اپنے ہی ملک میں محصور اور قیدی بنائے جاتے ہیں۔ محکمہ حج و اوقاف کا شعبہ زائرین ، کیوں زائرین کے مسائل سے لا تعلق اور غیر فعال ہے۔ سکھ زائرین کے لئے سہولتوں کا اعلان کرنے والے آخر کربلامعلیٰ و مشہد مقدس کے زائرین کے لئے کیوں مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ اغیارکی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے اپنے ہی ہم وطنوں کو دربدر کرنا کہاں کا انصاف ہے۔ آخر کس قانون کے تحت ، بلوچستان بارڈر پر زائرین کو روک کر این او سی طلب کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ زائرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، نوازلیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومت زائرین کے مسائل فی الفور حل کرے۔ ایف سی کو عوام کا خادم اور محافظ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قوم کی نمائندہ جماعت کی حیثیت سے قومی دکھ درد کو اپنا درد سمجھتی ہے اورہم ہر سطح پر اس ظلم و زیادتی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے۔

 

ٹیگس