Dec ۰۴, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۱ Asia/Tehran
  • نوازشریف بیٹی اورداماد کے ہمراہ احتساب عدالت میں

پاکستان کے نااہل ہونے والےسابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم صفدر کے ہمراہ نیب ریفرنسز کی سماعت کے لیے احتساب عدالت پہنچے جہاں سماعت دن ایک بجے تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

نواز شریف اپنی بیٹی مریم صفدر اور داماد کیپٹن صفدر کے ہمراہ اپنے خلاف دائر تین نیب ریفرنسز ایوان فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کے لیے احتساب عدالت پہنچے۔ اس موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ احتساب عدالت  کے باہر  مسلم لیگ (ن) کے وزرا سمیت لیگی رہنماؤں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت سے کہا ہائی کورٹ ریفرنس یکجا کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ آج سنائے گی۔ جج محمد بشیر نے کہا ہائی کورٹ فیصلہ کس وقت سنائے گی جس پر خواجہ حارث نے کہا توقع ہے کہ دن 12 بجے تک فیصلہ سنادیا جائے گا۔ جس پر جج محمد بشیر نے سماعت دن ایک بجے تک ملتوی کردی۔ سماعت ملتوی ہونے کے بعد نوازشریف اپنی بیٹی کے ہمراہ کمرہ عدالت سے روانہ ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے 8 ستمبر کو نوازشریف اور ان کے بچوں کے خلاف لندن فلیٹس، آف شورکمپنیوں، العزیزیہ اسٹیل ملز اور ہل میٹل کمپنی سے متعلق 3 مقدمات درج کیے تھے۔ ان مقدمات میں نیب آرڈیننس کی سیکشن 9 اے لگائی گئی ہے جو غیر قانونی رقم اور تحائف کی ترسیل سے متعلق ہے۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزمان کو 14 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

ٹیگس