امریکی فیصلے کے خلاف پاکستان میں مظاہرے
حکومت پاکستان نے امریکہ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے اعلان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں امریکی صدر کے اس اعلان کو عجلت پسندانہ، عالمی قوانین کے منافی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
اس سے پہلے پاکستان کے ایوان وزیراعظم سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان امریکی سفارت خانے کی منتقلی کے منصوبے کی مذمت کرتا ہے۔
بیان کے مطابق امریکہ کے اس اقدام سے بیت المقدس کے مسئلے پر کئی عشروں سے موجود عالمی اتفاق رائے کو نقصان پہنچے گا اور خطے میں پائیدار امن کے کسی بھی عمل کو ختم کرنے سمیت خطے کی سلامتی کو بھی زک پہنچے گی۔
امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف کراچی میں شدید احتجاج کیا گیا، احتجاج میں امریکی فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت اور اسے اسلام دشمنی قرار دیا گیا۔