مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے طاہر القادری کی حمایت
علامہ طاہر القادری کا کہنا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو حکمرانوں کو جوتے مار کر نکالنا ہمارا حق ہے۔
تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور پی ایس پی کے بعد ق لیگ بھی طاہر القادری کی ہم آواز ہو گئی۔ عوامی مسلم لیگ اور مجلس وحدت المسلمین نے بھی حمایت کا اعلان کر دیا۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ نواز شریف چلے گئے، اب شہباز شریف کی باری ہے۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو حکمرانوں کو جوتے مار کر نکالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنی تاخیر ہو گی، اتنے ہی مطالبات بڑھتے جائیں گے۔
پریس کانفرس سے خطاب میں مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء راجہ ناصر عباس جعفری نے بھی طاہر القادری کے مؤقف کی تائید کی۔
اس سے پہلے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی طاہر القادری کی رہائشگاہ پہنچے اور طاہر القادری کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اللہ کی پکڑ میں آ گئے ہیں، ظلم کو انجام تک پہنچانے کیلئے طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔