عدالتی فیصلے پر مریم نواز کی کڑی نکتہ چینی
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان نااہلی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ اقامہ صرف بہانہ تھا نواز شریف نشانہ تھا۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چئیرمین عمران خان کو نااہل قرار دینے کی دائر درخواست مسترد ہونے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج جانب دارانہ احتساب اور احتساب کے نام پر انتقام سے تمام پردے اٹھ گئے ہیں اور ثابت ہوگیا ہے کہ اقامہ صرف بہانہ تھا اور نوازشریف نشانہ تھا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج کے سپریم کورٹ کے فیصلے نے اس تاثر پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے کہ نوازشریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے اور اب شک کی کوئی گنجائش نہیں کہ کسی بھی سازش، دھرنوں اور احتساب نامی انتقام کا ہدف صرف نوازشریف ہے کیوں کہ عوام کا اصل نمائندہ نوازشریف ہے۔
مریم نواز نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی سطر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو اپنی آف شور کمپنی ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا لیکن نوازشریف پر ایک خیالی تنخواہ ظاہر کرنا ضروری ٹھہرا۔
واضح رہے کہ کل سپریم کورٹ آف پاکستان نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لئے دائر درخواست مسترد کردی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے عمران خان اور جہانگیر ترین کو نااہل قرار دینے سے متعلق درخواستوں پر پہلے سے محفوظ فیصلہ پڑھ کر سنایا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اثاثہ جات کے مطابق عمران خان کی کوئی بدنیتی ثابت نہیں ہوتی، بنی گالا کی جائیداد عمران خان کی ملکیت ہے، جو انہوں نے بیوی اور بچوں کے لئے خریدی، اس کے لیے انہوں نے جمائما سے قرض لیا۔ قرض کی رقم واپسی کے شواہد بھی عدالت میں دیئے گئے۔ عدالت نے قرار دیا کہ عمران خان نا تو آف شور کمپنی کے شیئر ہولڈر تھے اور نا ہی ڈائریکٹر، ایمنسٹی اسکیم کے تحت عمران خان پر اثاثے ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا۔
سپریم کورٹ سے اپنے حق میں فیصلہ آنے کے بعد کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں اور سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرتے ہیں، ایک منشیات فروش نے میرے خلاف سپریم کورٹ میں کیس کیا، ایک سال کی تلاشی کے بعد میرے حق میں فیصلہ آیا، میں نے اپنی ساری منی ٹریل عدالت میں دی اور 60 دستاویزات جمع کرائیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جیو اور میر شکیل الرحمن نے عوام کو دھوکا دینے اور چور کو بچانے کی پوری کوشش کی، جیوغلط خبریں چلاتا رہا اور عدالتی سماعت کی غلط تشریح اور غلط سرخی دیتے تھے، حقائق کو مسخ کرنے پر ان کے خلاف کیس کروں گا ۔