Dec ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۸:۲۹ Asia/Tehran
  • قومی سلامتی کے پاکستانی مشیر کی ایرانی سفیر سے ملاقات

پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے اسلام آباد میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنردوست سے ملاقات اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے اس موقع پر کہا کہ اہم علاقائی تبدیلیوں کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان وسیع تر افہام و تفہیم سے دوطرفہ رابطوں کے فروغ کی راہ ہموار ہوگی۔
فریقین نے دو طرفہ تعلقات کے علاوہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اقتصادی امکانات اور خطے اور اسلامی ملکوں میں سلامتی کی صورتحال سے متعلق معاملات پر بھی بات چیت کی۔
اس ملاقات میں ایرانی سفیرمہدی ہنردوست نے کہاکہ اسلامی دنیا کو نازک صورتحال کا سامنا ہے اور ان کا ملک سمجھتا ہے کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں نہایت تعمیری اور متوازن کر دارادا کر سکتا ہے۔
درایں اثنا ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے اسلام آباد میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے عالم اسلام کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
مہدی ہنر دوست کا کہنا تھا کہ عالمی سامراجی طاقتوں کی ریشہ دوانیوں کے مقابلے اور سرزمین فلسطین کی آزادی کے لیے پوری دنیا کے مسلمانوں کو آپس میں متحد ہوجانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کے مسلمان فلسطین کے نام پر متحد ہوجائیں تو عالمی سامراجی اور صیہونیزم کو آسانی سے شکست دی جاسکتی ہے۔

ٹیگس