Dec ۱۸, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • چرچ پر حملے کے بعد گرجا گھروں کی سیکورٹی سخت تین روزہ سوگ

بلوچستان نرسز ایسوسی ایشن نے زرغون روڑ کوئٹہ میں ہونے والے چرچ حملے کے واقعہ خلاف 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

کوئٹہ میں چرچ پر حملے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کراچی سمیت دیگر شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جب کہ شہر کے تمام چرچوں پر بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کل کوئٹہ میں زرغون روڈ پر متعدد دہشت گردوں نے میتھوڈسٹ چرچ پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

حکام کے مطابق حملے میں  چار دہشت گرد ملوث تھے، لیکن سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی وجہ سے ان کا حملہ پوری طرح کامیاب نہ ہوسکا۔ ایک بمبار نے خود کو دروازے پر دھماکے سے اڑادیا جس کے بعد باقی حملہ آوروں نے اندر داخل ہوکر فائرنگ کی اور چاقوؤں سے حملے کیے۔ فورسز سے جھڑپ میں ایک حملہ آور مارا گیا اور دیگر دو حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اتوار کا دن ہونے کی وجہ سے گرجا گھر میں خواتین اور بچوں سمیت مسیحی برادری کے 400 سے زیادہ افراد عبادت کے لیے جمع تھے اور دعائیہ تقریب ہورہی تھی جبکہ کرسمس کی تیاریاں بھی کی جارہی تھیں۔ پاکستان کے صدر ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور سیاسی و مذھبی شخصیات نے کوئٹہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

ٹیگس