شمالی وزیرستان میں دھماکہ، تین ایف سی اہلکار ہلاک
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں تین ایف سی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاکستانی حکام کے مطابق ایف سی کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ ان کی گاڑی شمالی وزیرستان میں ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں تین سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔
دھماکے کے بعد سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا جبکہ وہاں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
بارودی سرنگ کے دھماکے کا یہ واقعہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب غلام خان علاقے میں پیش آیا۔
پاکستانی سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں سیکورٹی گشت، معمول کی بات ہے تاہم دہشت گردوں نے بارودی سرنگ کا دھماکہ کرکے تین ایف سی اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے ساتھ ساتھ فاٹا کی سات ایجنسیوں کو شدت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتاہے۔