Nov ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۰:۲۱ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی احتجاج: ہلاکتوں پر حکومت اور پی ٹی آئی کے متضاد بیانات

اسلام آباد کے اسپتالوں میں لائے گئے جاں بحق اور زخمیوں کی فہرست سامنے آ گئی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر گولیوں کی بارش کی گئی اور سینکڑوں نہتّے پاکستانیوں کو زخمی کرکے خون میں نہلایا گیا ۔ جبکہ سیکیورٹی ذرائع نے اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے دوران مظاہرین کی اموات کی خبر جھوٹی اور من گھڑت قرار دے دی ۔ اس حوالے سے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر چند لوگوں کی جانب سے احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شیلنگ سے کئی مظاہرین کی اموات کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے ایسے میں فائرنگ سے اموات نہ ہونے کا دعوی کیا ہے کہ جب پی ٹی آئی احتجاج کے دوران اسلام آباد کے تین مختلف اسپتالوں میں لائے گئے جاں بحق اور زخمیوں کی تعداد سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے تین اسپتالوں میں 10 جاں بحق افراد اور 71 زخمی لائے گئے۔ پی ٹی آئی احتجاج کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 6 سول اور 4 سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جاں بحق ہوئے۔

پمز، پولی کلینک اور سی ڈی اے اسپتال میں کل 44 سول زخمی افراد لائے گئے ہیں جبکہ 27 سیکیورٹی فورسز کے زخمی اہلکار لائے گئے ہیں۔

سی ڈی اے اسپتال میں 2 سول زخمی افراد لائے گئے جن میں ایک آنسو گیس شیل سے زخمی ہوا اور ایک کو کندھے میں گولی لگی۔

پمز اسپتال میں 27 پولیس اہلکار اور 14 سول زخمی افراد لائے گئے ہیں جبکہ اسپتال لائے گئے 7 جاں بحق افراد میں سے 4 سیکیورٹی اہلکار اور 3 سول افراد شامل ہیں ۔ پولی کلینک میں 3 جاں بحق اور 28 سول افراد زخمی حالت میں لائے گئے۔

واضح رہے کہ رات گئے مظاہرین کے خلاف آپریشن کے دوران پی ٹی آئی نے اسلام آباد احتجاج کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

ٹیگس