پاکستان نے نئی دہلی کو ہندوستانی قیدیوں کی فہرست پیش کر دی
پاکستان نے اسلام آباد میں ہندوستان کے ہائی کمیشن کو چار سو ستاون ہندوستانی قیدیوں کی ایک فہرست پیش کی ہے جس میں اٹھاون عام شہری اور تین سو، ننانوے ماہیگیر شامل ہیں۔
اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ نے منگل کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے یہ اقدام، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سفارتی رسائی کے سمجھوتے کی بنیاد پر عمل میں لایا گیا ہے جس پر دونوں ممالک نے دو ہزار آٹھ میں دستخط کئے ہیں۔اس سمجھوتے کی بنیاد پر دونوں ممالک اس بات کے پابند ہیں کہ وہ ہر سال دو بار ایک دوسرے کے ساتھ، قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کریں ۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد کی حکومت نے آٹھ جنوری کو ہندوستان کے ایک سو چھیالیس دیگر ماہیگیروں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق اس سمجھوتے کی بنیاد پر ہندوستان کی حکومت کی بھی اس بات کی پابند ہے کہ وہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو ہندوستان کی جیلوں میں بند پاکستانی قیدیوں کی فہرست پیش کرے۔