عمران خان اور آصف زرداری ایک کنٹینر پر
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے ڈاکٹر طاہر القادری کے احتجاج میں شرکت کا فیصلہ کرلیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ 17 جنوری کو طاہر القادری کے احتجاج میں پیپلز پارٹی بھرپور شرکت کرے گی، پنجاب کے حکمرانوں کو عہدہ چھوڑنے پر مجبور کریں گے، جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کو سزا کا مطالبہ کریں گے جبکہ آصف زرداری اور عمران خان ایک ہی کنٹینر پر ہوں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کو ماننے والے لوگ ہیں، 16 جنوری کو اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی بڑی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے سانحہ ماڈل ٹاون کے خلاف ڈاکٹر طاہرالقادری کے احتجاج میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ احتجاج 17 جنوری بدھ سے شروع ہوگا۔