امت مسلمہ کے خلاف اسلام دشمن طاقتیں سرگرم
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے مختلف مکاتب فکر کو مزید گروہ بندی کا شکار کرنے کے لیے اسلام دشمن طاقتیں بڑی تیزی سے اپنے مذموم ہتھکنڈوں میں مصروف ہیں۔
مجلس وحد ت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مسجد مدینۃ العلم میں منعقدہ سیمینار بعنوان ’’عصرمہدویت ؑ کے تقاضے‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غیر ملکی ثقافتی یلغار اور ایسے تربیت یافتہ مبلغین جو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے دور کرنے کے لیے مختلف جواز فراہم کر رہے ہیں استعماری طاقتوں کے کاری ہتھیار ہیں۔ ایسی نام نہاد مذہبی شخصیات جو عقیدت کی آڑ میں عقیدے کو نشانہ بنانے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں، کی حوصلہ شکنی عصرحاضر کا اہم تقاضہ اور ہمارا اولین فریضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آل سعود نے عالمی ذرائع ابلاغ میں واضح طور پر کہا ہے کہ ہم امام مہدی علیہ السلام کی فوج سے جنگ کریں گے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف آل سعود کے فکری ،نظریاتی اور دیگر اعتبار سے مکمل حمایتی ہیں ہماری ن لیگ سے مخالفت کی بنیادی وجہ امام مہدی ؑ کی دشمن آل سعود سے آل شریف کی اسٹریٹجک پارٹنر شپ ہے، پاکستان میں ملت تشیع کو اسی وجہ سے مشکلات کا شکار بنایا جا رہا ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ نواز شریف اینڈ کمپنی نے اس ملک کو نہ صرف عدم استحکام کا شکار کیا بلکہ فرقہ واریت کے فروغ میں بھی بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ ہم اس ملک میں اتحاد و اخوت کے خواہاں ہیں۔
اس سیمینارمیں ایم ڈبلیوایم کے صوبائی رہنما علامہ مقصو دڈومکی، علی حسین نقوی، علامہ صادق جعفری سمیت سیاسی وسماجی شخصیات اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔