کابل دہشت گردانہ حملوں کی مذمت
پاکستان نے افغان دارالحکومت کابل کے صدارت اسکوائر پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے۔
پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کابل میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کابل میں دہشت گرد حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان عوام اور حکومت سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں ، پاکستان دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتا ہے، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ کل افغان دارالحکومت کابل کی وزارتِ داخلہ کی پرانی عمارت کے سامنے حساس علاقے میں خودکش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری ایمبولینس دھماکے سے اڑادی جس کے نتیجے میں سو سے زائد افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے درجنوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی۔