Feb ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۰:۵۵ Asia/Tehran
  • امام خمینی (رح) کے نام کے بغیراسلامی انقلاب کی کوئی شناخت نہیں

اسلامی انقلاب عالم اسلام خاص طور پر ایرانی عوام کے لئے خدا وند عالم کی عظیم نعمت ہے۔

کوئٹہ کے امام جمعہ اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی نے عشرہ فجر کے آغاز کے موقع پر کہا کہ حضرت امام خمینی (رح) کے نام کے بغیر اسلامی انقلاب کی کوئی شناخت نہیں ہے اور وہی انقلاب کی پہچان ہیں۔

علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی رہبری میں منزل مقصود کی جانب گامزن ہے۔

کوئٹہ کے امام جمعہ کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب کی بدولت دنیا بھر کے مظلوم عوام کو آزادی، خود مختاری، سربلندی، سلامتی اور قومی سطح کی خود اعتمادی جیسی نعمت حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے مسلم نوجوانوں کو ان کی اسلامی شناخت و پہچان سے دور کرنے کی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا اور مسلمانوں کے مابین اتحاد و حدت کی برقراری کیلئے انتھک محنت اور کوشش کی۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنما کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو چاہئے کہ استقامت کے میدان میں وہ حضرت امام خمینی (رح) کو اپنے لئے نمونہ عمل قرار دے جس نے ایک تحریک کی حیثیت سے مختصر سے عرصے میں استقامت کی غیرمعمولی مثال قائم کی ۔

انہوں نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کو اسلامی ملکوں کے لئے ایک کامیاب رول ماڈل قرار دیا ۔

واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (رح) 39 سال قبل آج ہی کے دن پندرہ سال جلاوطنی کی زندگی گزارنے کے بعد یکم فروری سنہ انیس سو اناسی کو ایران واپس تشریف لائے جہاں لاکھوں ایرانی عوام نے آپ کا فقیدالمثال اور تاریخی استقبال کیا۔ ایران میں آپ کے اس تاریخی داخلے کے ساتھ  ہی گیارہ فروری سنہ انیس سو اناسی کو انقلاب کی کامیابی کا راستہ ہموار ہو گیا۔

ٹیگس