Mar ۱۲, ۲۰۱۸ ۰۷:۵۲ Asia/Tehran
  • چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات

پاکستان میں سینیٹ کے انتخابات میں پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور بلوچستان پینل کی طرف سے صادق سنجرانی چیئرمین جب کہ سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار ہوں گے جبکہ حکمراں (ن) لیگ اپنے امیدواروں کا اعلان آج کرے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صادق سنجرانی سینیٹ کے چیئرمین جب کہ سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلیے ہمارے امیدوار ہوں گے، ہمارے امیدوار (ن) لیگ کے امیدواروں سے مقابلہ کریں گے۔انھوں نے کہا کہ اپنے سینیٹرز کی تعداد بتانا چیٹنگ ہوگی، الیکشن والے دن (ن) لیگ کو معلوم ہوجائے گا، ہر صوبے کو حق ملنا چاہیے، امید ہے ہم کامیاب ہوں گے۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ بلوچستان بھی پیپلز پارٹی کا ہی ہے، پیپلزپارٹی نے آج بلوچستان کا دل جیت لیاہے، میں آصف زرداری اور بلاول کا مشکور ہوں، پیپلزپارٹی نے اکثریت ہونے کے باوجود بلوچستان کے امیدواروں کو فوقیت دی کیونکہ بلوچستان میں احساس محرومی تھا، پیپلز پارٹی نے بلوچستان کے حوالے سے قربانی دے کرتاریخ رقم کی ہے۔

اس سے پہلے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان کے آزاد سینیٹرز کا وفد بنی گالہ پہنچا جہاں انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے کوششوں اور پیپلز پارٹی و دیگر جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے عمران خان کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں صادق سنجرانی کی بطور چیئرمین سینیٹ نامزدگی کا فیصلہ کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ بلوچستان اور فاٹا کو اہم عہدے دینے سے احساس محرومی کم ہوگا، چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر بلوچستان کا حق بنتا ہے اور ہم چاہتے ہیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ فاٹا سے ہو، پارلیمان اور جمہوریت کی ساکھ بچانے کے لیے کرپٹ اور خود غرض شریف خاندان کا مقابلہ ضروری ہے، وزیراعلیٰ کے ساتھ وعدے کے مطابق پیپلزپارٹی کے ڈپٹی چیئرمین کی حمایت کریں گے۔

دریں اثنا (ن) لیگ اور اتحادیوں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے ہمیں مطلوبہ اکثریت حاصل ہوگئی ہے، فاٹا اور ایم کیوایم نے بھی ووٹ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے، امیدواروں کی نامزدگی کا اختیار دینے پر اتحادی قائدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں، فاٹا کے 4 ارکان ملے ہیں اس میں نومنتخب ارکان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اتحادی رہنماؤں کو بتایاکہ ایم کیو ایم کے فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی نے بھی ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد ہمیں بھاری اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹ کا اجلاس آج صبح 10 بجے ہوگا جس میں نئے منتخب ہونے والے سینیٹر حلف اٹھائیں گے جبکہ شام کے اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

ٹیگس