ایران کے وزیرِخارجہ اور پاکستان کے آرمی چیف کی ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِخارجہ جواد ظریف اور پاکستان کےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے مابین ملاقات ہوئی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیرِخارجہ جواد ظریف نے آج جی ایچ کیوراولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیرِخارجہ نے اس ملاقات میں پاک ایران بارڈر پر سیکیوٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ علاقائی امن مغربی ایشیا کےساتھ وسیع بنیادوں پرتعاون پر منحصر ہے۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے آج اسلام آباد میں پاکستان کی قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کی۔ جبکہ ایران کے وزیر خارجہ نے کل پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے گزشتہ روز پاک ایران بزنس فورم میں شرکت کی جس میں ان کے پاکستانی ہم منصب خواجہ محمد آصف بھی شریک تھے.اس کے بعد پاکستانی دفترخارجہ میں دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی.
اس کے علاوہ ظریف نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور وزیر داخلہ احسن اقبال کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں.ایرانی وزیر خارجہ اسلام آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹر ٹیجک اسٹڈیز کے زیر اہتمام پاک ایران سفارتی تعلقات کے 70 برس کے حوالے سے سیمینار میں بھی شرکت کی۔
واضح رہے محمد جواد ظریف اتوار کی رات پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے .