Apr ۰۳, ۲۰۱۸ ۰۸:۱۵ Asia/Tehran
  • امریکی امداد کی پاکستان کو ضرورت نہیں

پاکستان کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ ہماری پوری امداد بھی منسوخ کر دے تو کوئی پرواہ نہیں چند لاکھ ڈالر کی خاطر ہم اپنی سکیورٹی اور قومی مفاد کو داؤ پر نہیں لگا سکتے۔

 پاکستان کے مشیر خزانہ نے ایک غیر ملکی اخبارکو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ساتواں بڑا ملک ہے اور ہمارے پاس دنیا کی 7 ویں بڑی فوج ہے جبکہ امریکی پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے جو کچھ ممکن ہے پاکستان کر رہا ہے لیکن پاکستان کی جانب سے دی گئی قربانیوں اور کوششوں کی دنیا سے وہ پذیرائی نہیں مل رہی کہ جس کا پاکستان حقدار ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت منی لانڈرنگ کے سدباب کے لیے کافی اقدامات کررہی ہے، غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹ میں ایک لاکھ ڈالر سے زائد رقم رکھنے والے کو وسیلہ آمدن بتانے کے لیے پابند کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اس وقت خراب ہوگئے جب امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں کی موجودگی سے متعلق بیان دیا۔

 

ٹیگس