May ۰۱, ۲۰۱۸ ۰۸:۳۶ Asia/Tehran
  • پاکستان: دہشتگرد گروہ لشکر جھنگوی کا سرغنہ ہلاک

پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 28 اپریل کو سپلنجی کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کرکے لشکر جھنگوی کے اہم سرغنہ مقصود احمد کو ہلاک کردیا۔

پاکستان کے شہر کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) عبدالرزاق چیمہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ تکفیری دہشتگرد مقصود احمد کا تعلق کراچی کے علاقے منگو پیر سے تھا اورسپلنجی کے علاقے میں اس وقت بھی آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران ایک ایف سی کا اہلکار زخمی ہوا تھا، جو اس وقت سی ایم ایچ میں زیرعلاج ہے۔ گذشتہ کچھ عرصے سے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم تمام کمیونیٹیز کو سکیورٹی فراہم کریں۔ جب ایک کمیونٹی متاثر ہوتی ہے تو اس کے اثرات دوسری کمیونٹی پر بھی پڑتے ہیں۔ موجودہ حالات کے پیش نظر 2 سو موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار تعینات کریں گے۔

 حساس علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے۔ ہزارہ برادری اور کرسچن کمیونٹی کے لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا اور جہاں شیعہ  ہزارہ برادری کے کاروباری مراکز ہیں، وہاں سکیورٹی کی مزید نفری تعینات کی ہے۔ جان محمد روڈ کا واقعہ فرقہ ورانہ ہے اور اس واقع سے قبل بھی شیعہ ہزارہ برادری کے لوگوں کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت نے کوئٹہ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی۔ شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ڈبل سواری پر ایک ماہ کے لئے پابندی عائد کر دی گئی۔ شہر بھر میں دفعہ 144 کے تحت جلسے جلوس اور اجتماعات پر بھی پابندی لگا دی گئی۔ حکام کے مطابق پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ پابندی حالیہ ٹارگٹ کلنگ واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے لگائی گئی ہے۔

 واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں جمال الدین افغانی روڈ پر تکفیری دہشتگردوں کی فائرنگ سے شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 2 افراد شہید ہوگئے تھے۔

ٹیگس