پاکستان میں یوم علی (ع) پر سکیورٹی ہائی الرٹ
پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں خاص طور سے حساس قرار دئیے گئے علاقوں میں یوم علی (ع) پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اضلاع کے ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو یوم حضرت علی(ع) کے جلوس کو چار درجاتی سکیورٹی حصار فراہم کرنے اور جلوس میں داخل افراد کی مکمل سکیورٹی چیکنگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ داخلہ نے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹر اور دیگر سکیورٹی آلاٹ استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس سلسلے میں ہر ضلع میں بین الصوبائی مذاہب کمیٹیاں اور امن کمیٹیوں کو متحرک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر محکمہ داخلہ سندھ نے یوم علی(ع) کے موقع پر 6 جون کو کراچی اور حیدر آباد میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی حیدرآباد نے دونوں شہروں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موٹرسائیل کی ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی تھی۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، بزرگ، خواتین، بچے اور صحافی ڈبل سواری پر پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ آج مولائے متقیان فاتح خیبر شیر خدا حضرت علی (ع) کی شب شہادت اور شب قدر ہے۔ آج رات سے ہی عزاداری اور دعا و مناجات کا سلسلہ شروع ہوگا جو کل رات نماز مغرب تک جاری رہے گا۔